حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کمپیوٹر آپریٹرز کے حقوق پامال، آئی ٹی ایسوسی ایشن کے پی کی تشویش,آئی ٹی ایسوسی ایشن کا وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ قلم چھوڑ ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان Home / پاکستان /

کمپیوٹر آپریٹرز کے حقوق پامال، آئی ٹی ایسوسی ایشن کے پی کی تشویش,آئی ٹی ایسوسی ایشن کا وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ قلم چھوڑ ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

ایڈیٹر - 06/05/2026
کمپیوٹر آپریٹرز کے حقوق پامال، آئی ٹی ایسوسی ایشن کے پی کی تشویش,آئی ٹی ایسوسی ایشن کا وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ قلم چھوڑ ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے) ۔ آئی ٹی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اعلان کردہ قلم چھوڑ ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقہار نے واضح کیا کہ آئی ٹی ایسوسی ایشن اس ہڑتال کا حصہ نہیں اور نہ ہی اس کی حمایت کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر صوبائی حکومت کے سرکاری ڈھانچے میں کمپیوٹر آپریٹرز کے حقوق کی مسلسل نظراندازی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی عملے کے دیرینہ اور حقیقی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جانا ضروری ہے۔

عبدالقہار نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ دیگر کیڈرز کے ملازمین کو ترقی اور کیریئر میں آگے بڑھنے کے واضح مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ کمپیوٹر آپریٹرز اس سے یکسر محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی تعلیمی قابلیت رکھنے والے افراد تحصیلدار، سپرنٹنڈنٹ (بی ایس 17) اور پی ایم ایس کیڈر جیسے اعلیٰ عہدوں تک پہنچ جاتے ہیں، جبکہ کمپیوٹر آپریٹرز — جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ عدالتی امور، ڈرافٹنگ، پبلک ڈیلنگ اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں — پوری زندگی ایک ہی عہدے پر گزار دیتے ہیں۔

ضلعی صدر آئی ٹی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا لوئر دیر  نے کہا کہ مسئلے کی سنگینی اس وقت اور بڑھ جاتی ہے جب "آپریٹر" کی اصطلاح کو بعض اوقات تحقیر آمیز انداز میں استعمال کیا جاتا ہے، جو ان پیشہ ور افراد کی توہین ہے جو جدید حکمرانی اور ڈیجیٹل انتظام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

عبدالقہار نے کمپیوٹر آپریٹرز کے اہم مسائل کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمے میں آئی ٹی کیڈر یا واضح سروس سٹرکچر کا کوئی وجود نہیں، پی ایم ایس اور تحصیلدار کوٹے میں ان کا کوئی حصہ نہیں، ٹائم اسکیل اور کیریئر ترقی کا کوئی نظام موجود نہیں، آئی ٹی الاؤنس اور ایگزیکٹو الاؤنس سے مکمل محرومی ہے اور تجربے اور قابلیت کے باوجود پیشہ ورانہ جمود برقرار ہے۔

انہوں نے حکومت خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ باقاعدہ آئی ٹی کیڈر قائم کیا جائے، منصفانہ ترقی کے مواقع یقینی بنائے جائیں اور واجب الادا الاؤنسز فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ آئی ٹی پیشہ ور افراد کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے اور انتظامی کارکردگی میں بہتری آئے۔ آئی ٹی ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ وہ ان مطالبات کو تعمیری اور قانونی ذرائع سے آگے بڑھاتی رہے گی اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی پوری طرح نبھاتی رہے گی