حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عمران خان سے ملاقات کی درخواست 'فضول' قرار دے کر مسترد، درخواست گزار پر جرمانہ عائد Home / پاکستان /

عمران خان سے ملاقات کی درخواست 'فضول' قرار دے کر مسترد، درخواست گزار پر جرمانہ عائد

ایڈیٹر - 06/05/2026
عمران خان سے ملاقات کی درخواست 'فضول' قرار دے کر مسترد، درخواست گزار پر جرمانہ عائد

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست مسترد، عدالت نے درخواست گزار پر جرمانہ عائد کر دیا

اسلام آباد : اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے لیے دائر کردہ درخواست کو غیر ضروری اور فضول قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے نہ صرف درخواست مسترد کی بلکہ درخواست گزار پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے، جو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپنسری میں جمع کروانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق، وکیل فیصل ملک نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مانگی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ریمارکس دیے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی طے کر چکی ہے، لہٰذا ٹرائل کورٹ اس پر کوئی متضاد حکم جاری نہیں کر سکتی۔ عدالت نے مزید واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں اور جوڈیشل تحویل میں نہیں ہیں۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کی دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں جو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہیں۔ فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جرمانے کی رقم غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کی جائے۔ اس فیصلے کو قانونی ماہرین پی ٹی آئی کے لیے ایک اور عدالتی رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔