پشاور: مولانا محمد ادریس کی شہادت پر اے این پی کا تین روزہ سوگ، باچا خان مرکز پر پارٹی پرچم سرنگوں
پشاور : عوامی نیشنل پارٹی نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی المناک شہادت کے سوگ میں تین روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی ہدایت پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹریٹ 'باچا خان مرکز' پشاور پر پارٹی کا سرخ پرچم سرنگوں کر دیا گیا ہے، جو شہید عالم دین کے احترام اور اس قومی سانحے پر گہرے رنج و ملال کی علامت ہے۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس دکھ کی گھڑی میں شہید مولانا محمد ادریس کے اہلِ خانہ، ان کے ہزاروں شاگردوں اور جمیعت علماء اسلام کے قائدین و کارکنان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اس اندوہناک واقعے کو پوری پختون قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی علمی اور قومی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی جید شخصیات کا خلا صدیوں پُر نہیں ہوتا۔
اے این پی کی قیادت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور مقتدر ریاستی اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پختونخوا کی سرزمین پر امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، لہٰذا شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔