حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چارسدہ میں تاریخ ساز جنازہ: شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے آخری سفر میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت Home / پاکستان /

چارسدہ میں تاریخ ساز جنازہ: شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے آخری سفر میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

ایڈیٹر - 06/05/2026
چارسدہ میں تاریخ ساز جنازہ: شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے آخری سفر میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

چارسدہ: شیخ القرآن والحدیث مولانا محمد ادریس سپردِ خاک، 10 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں کا الوداعی خراجِ عقیدت

چارسدہ : ممتاز علمی و روحانی شخصیت شیخ القرآن والحدیث حضرت مولانا محمد ادریس کی نمازِ جنازہ چارسدہ کی تاریخ کا ایک بے مثال اور عظیم الشان باب بن گئی۔ ایک محتاط سروے اور عینی شاہدین کے مطابق، جنازے میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی، جس کے باعث چارسدہ کی تمام شاہراہیں اور کھلے میدان انسانی سروں کے سمندر میں تبدیل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق، شرکاء کی اس قدر کثیر تعداد تھی کہ جنازہ گاہ کے اندر اور باہر تل دھرنے کی جگہ باقی نہ رہی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد رش کی شدت کی وجہ سے باقاعدہ صفوں میں شامل ہو کر نمازِ جنازہ ادا نہ کر سکے۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے جسدِ خاک کو ریسکیو ایمبولینس میں ہی رکھا، جہاں سے ان کے صاحبزادے مولانا انیس احمد نے امامت کے فرائض سرانجام دیے۔

اس موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ ڈی پی او چارسدہ کی سربراہی میں پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہے، تاہم فاروق اعظم چوک سے جنازہ گاہ تک کے تمام راستے رات 11 بجے تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عوام کا یہ جمِ غفیر شہید مولانا محمد ادریس کی دینی خدمات، علمی مرتبے اور ان سے والہانہ محبت کا واضح ثبوت تھا۔ جنازے کے شرکاء میں خیبر پختونخوا کے کونے کونے سے آئے ہوئے لوگ شامل تھے، جو اپنے محبوب قائد کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ رخصت کرنے پہنچے تھے۔