امریکا میں ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے اراکینِ ایوانِ نمائندگان نے اسرائیل کے مبینہ جوہری پروگرام سے متعلق حکومتی پالیسی پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور اس حوالے سے شفاف مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تقریباً 30 ڈیموکریٹ اراکین نے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف ممکنہ تنازع میں ایسے اتحادی کا ساتھ دے رہا ہے جس کے بارے میں جوہری صلاحیتوں کے حوالے سے سرکاری سطح پر ابہام برقرار رکھا گیا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس قسم کی غیر واضح پالیسی مشرقِ وسطیٰ میں جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور خطے میں توازنِ طاقت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔
اراکینِ کانگریس نے زور دیا کہ قانون ساز ادارے کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے میں جوہری صورتحال، ممکنہ کشیدگی، حکومتی حکمتِ عملی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے منصوبوں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اس حساس معاملے پر واضح اور جامع بریفنگ فراہم کرے تاکہ پالیسی سازی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔