وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اماراتی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں پاکستان، اماراتی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں اور ان کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ بندی کے کسی بھی معاہدے کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ دیرپا امن اور استحکام کے لیے مذاکراتی عمل کو مؤثر سفارتی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق حملوں میں متعدد بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ڈرونز کا استعمال کیا گیا، اور ریاست نے اس کارروائی کے جواب کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا رپورٹس میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے ان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے اور اس واقعے کو امریکی فوجی سرگرمیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داری امریکا پر عائد کی ہے۔