حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز پر کشیدگی: ایران کی امریکی اقدام پر وارننگ Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز پر کشیدگی: ایران کی امریکی اقدام پر وارننگ

ایڈیٹر - 04/05/2026
آبنائے ہرمز پر کشیدگی: ایران کی امریکی اقدام پر وارننگ

ایران کی اعلیٰ سلامتی قیادت نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ امریکی سرگرمیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی مداخلت کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔

ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکی مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس جیسے حساس خطے کے معاملات بیانات یا دباؤ سے نہیں چلائے جا سکتے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے معاملات میں غیر سنجیدہ طرزِ بیان کی کوئی گنجائش نہیں اور خطے کی سلامتی کو مقدم رکھا جائے گا۔

ایرانی حکام نے واضح کیا کہ خلیجی آبی گزرگاہوں کے حوالے سے کسی بھی بیرونی مداخلت کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کے اثرات براہِ راست خطے کے امن پر پڑ سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے ایک نیا اقدام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ "پراجیکٹ فریڈم" کے تحت غیر جانبدار ممالک کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

امریکی صدر کے مطابق یہ کارروائی مشرق وسطیٰ کے مقامی وقت کے مطابق فوری طور پر شروع کی جا رہی ہے، جبکہ ایران کی جانب سے کسی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔