صوابی: درخت کاٹنے کے تنازع پر چچاؤں کی فائرنگ، بھتیجا جاں بحق، ایک زخمی، ملزمان فرار
صوابی : خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے موضع دوبیان میں ایک معمولی تکرار خونی تصادم میں بدل گئی، جہاں مبینہ طور پر درخت کاٹنے کے تنازع پر چچاؤں نے فائرنگ کر کے اپنے ہی بھتیجے کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ یار حسین میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں مدعی یار حسین نے بیان دیا ہے کہ وہ اپنے بھائیوں مدثر شاہ اور اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھے کہ اس دوران ان کے چچا مراد علی شاہ نے گلی سے آواز دے کر انہیں باہر بلایا۔ مدعی کے مطابق جیسے ہی وہ اور ان کا بھائی باہر نکلے، چچا سلطان شاہ کی ایما پر مراد علی شاہ نے پستول سے اور دوسرے چچا سید نواز شاہ نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں مدثر شاہ گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرا بھائی شدید زخمی ہوا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔