ایک ایرانی آئل ٹینکر کے مبینہ طور پر بین الاقوامی بحری نگرانی نظام سے بچتے ہوئے مشرقِ بعید تک پہنچنے کی اطلاعات نے عالمی میری ٹائم حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی کا ویری لارج کروڈ کیریئر ایچ یو جی ای، آئی ایم او 9357183 چند روز قبل سری لنکا کے قریب آخری بار ٹریک کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی نقل و حرکت غیر واضح ہو گئی تھی۔
میرین مانیٹرنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ جہاز اب انڈونیشیا کے قریب آبنائے لومبوک سے گزرتے ہوئے ریو آئی لینڈ کی سمت بڑھ رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق ٹینکر میں تقریباً 19 لاکھ بیرل خام تیل موجود ہے جس کی مالیت کروڑوں ڈالر بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جہاز نے ممکنہ طور پر جدید تکنیکی حربے استعمال کرتے ہوئے اپنی لوکیشن کو عارضی طور پر خفیہ رکھا، جس کے باعث عالمی ٹریکنگ سسٹمز اسے مسلسل مانیٹر کرنے میں ناکام رہے۔ یہ واقعہ عالمی بحری سکیورٹی اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا رہا ہے۔