اسلام آباد : سعودی حکومت نے حج 2026 کے لیے عمر کی نئی حد مقرر کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کے حج پر جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس نئی پالیسی کا اطلاق 3 مئی 2026 سے ہوگا، جس کے بعد مقررہ عمر سے کم تمام عازمین کے حج ویزے فوری طور پر منسوخ تصور کیے جائیں گے۔
ترجمان پی اے اے نے مزید وضاحت کی ہے کہ وہ تمام عازمین جو 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہیں کریں گے، وہ حج پروازوں میں سفر کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ سعودی امیگریشن حکام نے تمام ایئرپورٹس کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ایسے عازم کو جہاز میں سوار نہ ہونے دیا جائے جس کی عمر اس معیار پر پوری نہ اترتی ہو۔
سعودی حکومت نے اس اچانک تبدیلی سے متاثر ہونے والے عازمین کے لیے ریفنڈ پالیسی کا بھی اعلان کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق، جن عازمین کے ویزے اس نئی پابندی کی وجہ سے منسوخ ہوئے ہیں، انہیں حج کے لیے جمع کرائی گئی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔ پی اے اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 مئی سے ان نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔