حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عہدے کا لالچ نہیں، کرپٹ مافیا کے تمام راستے بند کر دیے ہیں،" وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دوٹوک اعلان۔ Home / سیاست /

عہدے کا لالچ نہیں، کرپٹ مافیا کے تمام راستے بند کر دیے ہیں،" وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دوٹوک اعلان۔

ایڈیٹر - 30/04/2026
عہدے کا لالچ نہیں، کرپٹ مافیا کے تمام راستے بند کر دیے ہیں،


پشاور (حسبان میڈیا): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے کرپٹ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے لوٹ مار کے تمام راستے مسدود کر دیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی پالیسی کی بنیاد صرف میرٹ، شفافیت اور زیرو کرپشن پر استوار ہے، جس کا مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔

گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز حیات آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے "سینٹر آف ایکسیلینس فار ڈیجیٹل اینڈ ہائی ٹیک اسکلز" کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر ریو نڈاس کاروپلس کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی ان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور ترقیاتی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے نظام میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 16 ہزار اساتذہ اور 2400 ڈاکٹروں کی بھرتیوں کا عمل مکمل طور پر میرٹ پر جاری ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث ان کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے، جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

تعلیمی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ صوبائی نصاب کو مارکیٹ کی جدید ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور نوجوانوں کے لیے جلد نئی یوتھ پالیسی، انٹرن شپ پروگرام اور وظائف متعارف کرائے جائیں گے۔