حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عالمی بینک کا توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پیشگوئی Home / بین الاقوامی /

عالمی بینک کا توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پیشگوئی

ایڈیٹر - 29/04/2026
عالمی بینک کا توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پیشگوئی

عالمی بینک نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ حالات کے باعث سال 2026 کے دوران توانائی کی عالمی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نرخ 24 فیصد تک بڑھ سکتے ہیں۔

ادارے کی تازہ معاشی رپورٹ کے مطابق اگر خطے میں جاری شدید تناؤ مئی تک ختم بھی ہو جاتا ہے تب بھی توانائی کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ صورت حال مزید بگڑنے اور رسد میں رکاوٹ بڑھنے کی صورت میں قیمتیں اس سے بھی اوپر جا سکتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے سے خام تیل کی سپلائی دباؤ کا شکار ہوئی ہے، جس کے اثرات عالمی منڈیوں پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

ورلڈ بینک کے اندازوں کے مطابق 2026 میں برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 86 ڈالر فی بیرل رہ سکتی ہے، جبکہ 2025 میں یہی اوسط قیمت 69 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ اگر تیل و گیس کی اہم تنصیبات کو مزید نقصان پہنچا یا تجارتی راستے مکمل طور پر بحال نہ ہو سکے تو برینٹ آئل مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔

عالمی بینک نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیاں بتدریج بحال ہو سکتی ہیں اور اکتوبر تک جنگ سے پہلے والی سطح کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔