پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی انتظامیہ نے عمران احمد خان نیازی کے آنکھوں کے علاج سے متعلق تفصیلی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے طبی پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق انہیں 28 اپریل کو فالو اپ معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین چشم کی نگرانی میں انہیں آنکھ کے مخصوص علاج کی چوتھی خوراک دی گئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام طبی مراحل سے قبل مریض کی مکمل رضامندی حاصل کی گئی اور طریقہ کار مقررہ اصولوں کے تحت انجام دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معائنے کے دوران مریض کی حالت تسلی بخش رہی، جبکہ جدید تشخیصی عمل کے نتائج میں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں، جو علاج کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ علاج کا پورا عمل مکمل نگرانی اور طبی معیار کے مطابق آپریشن تھیٹر میں انجام دیا گیا اور اسے ایک روزہ طبی طریقہ کار کے طور پر مکمل کیا گیا۔ علاج سے قبل، دوران اور بعد میں مریض کی طبی حالت مستحکم رہی۔
پمز انتظامیہ کے مطابق ضروری ہدایات اور طبی دستاویزات فراہم کرنے کے بعد مریض کو واپس منتقل کر دیا گیا، جبکہ آئندہ معائنے اور علاج کا سلسلہ طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔