حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب سے 1947 سے لیکر اب تک کے پانی کے بقایاجات کا مطالبہ کردیا Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب سے 1947 سے لیکر اب تک کے پانی کے بقایاجات کا مطالبہ کردیا

ایڈیٹر - 27/04/2026
خیبر پختونخوا  حکومت نے پنجاب سے 1947 سے لیکر اب تک کے پانی کے بقایاجات کا مطالبہ کردیا

پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے گلیات کے پانی کی فراہمی کے معاملے پر پنجاب سے 64 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت کو بھی باضابطہ خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

سرکاری مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 1947 سے اب تک گلیات کا پانی بغیر کسی معاہدے اور ادائیگی کے مری منتقل کیا جا رہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مری واٹر بورڈ روزانہ تقریباً پانچ لاکھ گیلن پانی گلیات سے حاصل کر رہا ہے، حالانکہ مقامی سطح پر پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔

مزید برآں، یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ گلیات میں پانی کی ترسیل سے متعلق ڈھانچے پر کام متعلقہ اداروں کی اجازت کے بغیر کیا جا رہا ہے، اور ڈونگا گلی میں بڑے ذخیرہ آب کی تعمیر کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اختیار دینے کی بھی تجویز دی ہے کہ وہ پانی کی تقسیم سے متعلق پنجاب کے ساتھ باضابطہ معاہدہ طے کرے۔ خط میں یہ مطالبہ بھی شامل ہے کہ حتمی معاہدے تک پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور اضافی پانی کی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادا کی جائے۔

ساتھ ہی وزارت بین الصوبائی رابطہ سے کہا گیا ہے کہ وہ دونوں صوبوں کے درمیان اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں کردار ادا کرے اور پانی کے قدرتی وسائل پر خیبر پختونخوا کے حق کو تسلیم کیا جائے۔

دوسری جانب مزمل اسلم نے بھی اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پر واجب الادا رقم فوری ادا کی جائے، کیونکہ قیام پاکستان سے اب تک گلیات کے پانی سے مری کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔