حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کی براہِ راست بات چیت کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا اقدام لبنان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ یہ ملک کے استحکام کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے اس راستے کو مکمل طور پر رد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بات چیت ناگزیر ہو تو اسے بالواسطہ ذرائع تک محدود رکھا جائے۔
نعیم قاسم نے مزید کہا کہ مزاحمتی جدوجہد بدستور جاری رہے گی اور اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ تنظیم اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور لبنان کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔
ان کے مطابق دباؤ یا دھمکیوں کے باوجود مؤقف میں کوئی نرمی نہیں آئے گی اور نہ ہی پسپائی اختیار کی جائے گی، بلکہ مزاحمت کو پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں جاری رکھا جائے گا۔