حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاسپورٹ امیگریشن رولز کی کالعدم دفعات دوبارہ بحال، حکومت کو شہریوں کے پاسپورٹ غیرفعال قرار دینے کا اختیار واپس مل گیا Home / پاکستان /

پاسپورٹ امیگریشن رولز کی کالعدم دفعات دوبارہ بحال، حکومت کو شہریوں کے پاسپورٹ غیرفعال قرار دینے کا اختیار واپس مل گیا

ایڈیٹر - 27/04/2026
پاسپورٹ امیگریشن رولز کی کالعدم دفعات دوبارہ  بحال، حکومت کو شہریوں کے پاسپورٹ غیرفعال قرار دینے کا اختیار واپس مل گیا

اسلام آباد میں وفاقی آئینی عدالت نے پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق کالعدم قرار دی گئی دفعات کو عارضی طور پر بحال کرتے ہوئے حکومت کو شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول فہرست میں شامل کرنے اور پاسپورٹ غیر فعال کرنے کے اختیارات دوبارہ دے دیے ہیں۔

دو رکنی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس حسن اظہر رضوی کر رہے تھے، نے حکومتی اپیل کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے کیس کی نوعیت پر سوالات بھی اٹھائے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ آیا معاملہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں سے متعلق ہے۔ اس موقع پر عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ ایک شہری غیر قانونی طریقے سے ایران گیا تھا جہاں سے اسے بے دخل کیا گیا، جس کے بعد اس کا نام پاسپورٹ کنٹرول فہرست میں شامل کیا گیا۔

عدالت نے مزید دریافت کیا کہ آیا مذکورہ شخص خود بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہا تھا یا دوسروں کو غیر قانونی طور پر باہر بھجوانے میں ملوث تھا، اور اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ کی پیش رفت کے بارے میں بھی استفسار کیا گیا۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے ابھی مکمل معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پاسپورٹ اور امیگریشن قوانین کی بعض دفعات کو کالعدم قرار دیا تھا۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد کیس کی مزید کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔