حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاڑاچنار ہوائی اڈہ بحال، طویل تعطل کے بعد پروازوں کی راہ ہموار Home / پاکستان /

پاڑاچنار ہوائی اڈہ بحال، طویل تعطل کے بعد پروازوں کی راہ ہموار

ایڈیٹر - 27/04/2026
پاڑاچنار ہوائی اڈہ بحال، طویل تعطل کے بعد پروازوں کی راہ ہموار

ضلع کرم میں واقع پاراچنار ہوائی اڈہ کو طویل عرصے کی غیرفعالی کے بعد دوبارہ قابلِ استعمال بنا دیا گیا ہے، جس سے علاقے میں فضائی آمدورفت کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اہم پیش رفت میں پاک فوج، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے مشترکہ کردار ادا کیا۔ ہوائی اڈے کو فعال بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور تکنیکی جائزہ مکمل کیا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاک آرمی ایوی ایشن کی جانب سے 26 اپریل کو آزمائشی پروازیں کی گئیں، جن کا مقصد رن وے کی کارکردگی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چھ کامیاب آزمائشی لینڈنگ اور ٹیک آف کیے گئے، جس کے بعد رن وے کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ حفاظتی اصولوں کے مطابق قرار دیا گیا۔ اس پیش رفت کو مقامی سطح پر ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں سفری سہولتوں اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتا ہے۔