لاہور میں تین کمسن بچوں کے قتل کے الزام میں گرفتار خاتون کو عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آیا، جہاں خاتون نے اپنے ہی بچوں کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد الزام سسرالی افراد پر ڈالنے کی کوشش کی۔ تاہم تفتیش کے دوران اس کا بیان مشکوک ثابت ہوا اور حقیقت سامنے آ گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملزمہ نے لاعلمی ظاہر کی اور واقعے سے لاتعلقی کا تاثر دیا، لیکن مزید پوچھ گچھ میں اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ دورانِ تفتیش اس نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر رمضان سے علیحدگی اختیار کر کے جھنگ کے رہائشی شہریار سے شادی کرنا چاہتی تھی، اور اس سلسلے میں دونوں کے درمیان مسلسل رابطہ بھی تھا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ موبائل ریکارڈ اور دیگر شواہد نے بھی کیس کے اہم پہلوؤں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں رکھا ہوا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔