وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران سے متعلق مذاکرات کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد ہفتہ کی صبح پاکستان روانہ ہوگا، جہاں ایران کے ساتھ نئے مذاکراتی مرحلے پر بات چیت کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اس دور میں براہ راست شریک نہیں ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق نائب صدر امریکا میں رہ کر صورت حال کی نگرانی کریں گے اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت دیگر حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑنے پر اعلیٰ قیادت پاکستان کا رخ کر سکتی ہے۔
کیرولین لیویٹ نے حالیہ پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے براہ راست مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی گئی ہے، جو سفارتی عمل میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو بھی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں اہم ملاقاتوں کے بعد وہ مسقط اور ماسکو کا دورہ کریں گے۔