ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔
دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عاصم منیر نے کیا۔ دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
حکام کے مطابق ان ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن کے قیام اور استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ علاقائی روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
شیڈول کے مطابق عباس عراقچی اپنے دورہ پاکستان کے بعد مسقط اور ماسکو کا بھی رخ کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت یہ سفارتی دورے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی وفد امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اس وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، جو متوقع طور پر ہفتہ کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔