یورپی یونین نے ایران پر عائد معاشی پابندیوں میں ممکنہ نرمی کا اشارہ دیتے ہوئے اس معاملے کو سفارتی پیش رفت سے مشروط قرار دیا ہے۔
جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے یورپی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران مذاکرات میں لچک اور تعاون کا مظاہرہ کرتا ہے تو اس کے خلاف عائد پابندیوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اجلاس میں شریک کسی بھی رکن ملک نے اس تجویز کی مخالفت نہیں کی، جو ایک متفقہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
ادھر چانسلر نے یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فوری رکنیت کا امکان موجود نہیں، تاہم اس کے لیے ایک تدریجی عمل تجویز کیا گیا ہے جس کے تحت یوکرین کو مستقبل میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران سے متعلق یورپی مؤقف میں نرمی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہو سکتی ہے، جبکہ یوکرین کے معاملے میں محتاط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔