حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کرپٹو ٹریڈرز کے لیے بڑی خوشخبری! پاکستان میں کرپٹو بینکنگ کی اجازت، اب بینکوں کے ذریعے لین دین ممکن ہو گا Home / پاکستان /

کرپٹو ٹریڈرز کے لیے بڑی خوشخبری! پاکستان میں کرپٹو بینکنگ کی اجازت، اب بینکوں کے ذریعے لین دین ممکن ہو گا

ایڈیٹر - 23/04/2026
کرپٹو ٹریڈرز کے لیے بڑی خوشخبری! پاکستان میں کرپٹو بینکنگ کی اجازت، اب بینکوں کے ذریعے لین دین ممکن ہو گا


اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے تاریخی پیش رفت، اسٹیٹ بینک نے کرپٹو بینکنگ پر عائد طویل پابندی اٹھا لی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ): وزیرِ مملکت برائے بلاک چین اور کرپٹو بلال بن ثاقب نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرپٹو بینکنگ پر گزشتہ 8 سال سے عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ اس فیصلے کو پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کی قانونی حیثیت اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد اب پاکستانی بینک لائسنس یافتہ کرپٹو کمپنیوں کے لیے باقاعدہ بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سے قبل کرپٹو فرمز کا بینکنگ سیکٹر سے کوئی تعلق نہیں تھا، جس کی وجہ سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو رہی تھیں۔

تاہم، وزیرِ مملکت نے اہم حدود و قیود کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بینک براہِ راست کرپٹو کاروبار میں شامل نہیں ہو سکتے۔ پالیسی کے مطابق، بینک نہ تو اپنے سرمائے سے کرپٹو کرنسی خرید سکتے ہیں اور نہ ہی صارفین کی رقم کو کرپٹو اثاثوں میں رکھنے کے مجاز ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد کرپٹو کمپنیوں کو صرف بینکنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ لین دین شفاف ہو سکے اور معیشت میں ڈیجیٹل اثاثوں کا اندراج ہو سکے۔