حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
انصاف، باہمی احترام اور دانشمندی کی شرط پر مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔ ایران Home / بین الاقوامی /

انصاف، باہمی احترام اور دانشمندی کی شرط پر مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔ ایران

ایڈیٹر - 23/04/2026
انصاف، باہمی احترام اور دانشمندی کی شرط پر مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔ ایران

ایران نے امریکا سمیت عالمی فریقین کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد نہیں کیا، تاہم واضح کیا ہے کہ کسی بھی بات چیت کے لیے انصاف، قومی وقار اور دانشمندانہ طرزِ عمل بنیادی شرائط ہوں گی۔

ایرانی صدارتی دفتر کے ترجمان مہدی طباطبائی نے ملکی قیادت میں اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت مکمل ہم آہنگی اور مثالی اتحاد کے ساتھ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے یکجا ہے۔

انہوں نے بغیر نام لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخالف قوتیں سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہیں اور من گھڑت بیانیے تشکیل دے رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو بے بنیاد دعوؤں اور گمراہ کن مہم کے بجائے اپنی وعدہ خلافیوں، دباؤ کی سیاست اور دھوکے پر مبنی طرزِ عمل ترک کرنا چاہیے۔

مہدی طباطبائی نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے راستے بند نہیں کرنا چاہتا، لیکن کسی بھی ممکنہ بات چیت کو برابری، عزت نفس اور تدبر کے اصولوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔