حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران-امریکہ مذاکرات تعطل کا شکار، جے ڈی وینس کا بھی دورہ پاکستان ملتوی Home / بین الاقوامی /

ایران-امریکہ مذاکرات تعطل کا شکار، جے ڈی وینس کا بھی دورہ پاکستان ملتوی

ایڈیٹر - 22/04/2026
ایران-امریکہ مذاکرات تعطل کا شکار، جے ڈی وینس کا بھی دورہ پاکستان ملتوی

ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جبکہ امریکی وفد کا پاکستان کا متوقع دورہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق ایران کی جانب سے تاحال مثبت یا واضح ردعمل نہ ملنے کے باعث امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ ملتوی کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو تہران کی طرف سے باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا، جس کے باعث پیش رفت رک گئی ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی اس مرحلے پر پاکستان روانہ نہیں ہوئے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ایران کی جانب سے مثبت اشارہ ملتا ہے تو وفد کے دورے کو دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ جے ڈی وینس واشنگٹن میں پالیسی سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ امریکی ذرائع کے مطابق مذاکرات کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی طویل المدتی معاہدے کے بغیر جنگ بندی میں توسیع کے خواہاں نہیں۔

ایران کی جانب سے بھی اس حوالے سے محتاط مؤقف اپنایا گیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور ایران صرف اسی صورت میں شرکت کرے گا جب بات چیت نتیجہ خیز ہونے کے امکانات واضح ہوں۔

انہوں نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحری سرگرمیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اسے ریاستی سطح پر غیر قانونی اقدام تصور کیا جا سکتا ہے۔

ادھر پاکستان نے ثالثی کردار جاری رکھتے ہوئے دونوں فریقین سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق ایران کی جانب سے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسی دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ ملک کو مستقبل میں پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے عوام اور حکومت کے درمیان مکمل تعاون ناگزیر ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان دو ہفتوں پر محیط جنگ بندی اپنی مدت مکمل کرنے کے قریب ہے، جبکہ آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے صورتحال تاحال غیر واضح ہے۔ حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی مذاکراتی دور بھی منعقد ہو چکا ہے، جسے سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔