حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی سخت ترین انتظامات، ریڈ زون کی جانب جانیوالے سارے راستے بند، کون آرہے ہیں ؟ Home / پاکستان /

اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی سخت ترین انتظامات، ریڈ زون کی جانب جانیوالے سارے راستے بند، کون آرہے ہیں ؟

ایڈیٹر - 21/04/2026
اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی سخت ترین انتظامات، ریڈ زون کی جانب جانیوالے سارے  راستے بند، کون آرہے ہیں ؟

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث جڑواں شہروں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے سخت چیکنگ جاری ہے جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی وقفے وقفے سے آمد و رفت محدود کی جا سکتی ہے۔ مزید برآں ہیوی، کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ٹریفک کو مختلف شاہراہوں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ اہم تجارتی مرکز بلیو ایریا جزوی طور پر کھلا ہے، تاہم سکیورٹی پابندیوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں محدود رہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون اور اس کے توسیعی علاقے میں مکمل پابندی برقرار رہے گی، جبکہ دیگر علاقوں میں دفاتر اور کاروباری مراکز کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے اور بیشتر تعلیمی اداروں میں کلاسز کو آن لائن منتقل کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ممکنہ سفارتی سرگرمیوں کے پیش نظر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔