سوات (بیورو رپورٹ) سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے مدین کے مختلف موضوعات میں آوارہ کتوں کے حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، مقامی ذرائع کے مطابق کتوں نے نہ صرف بچوں کو نشانہ بنایا بلکہ کچھ دیگر کتوں کو بھی کاٹ لیا جس پر شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ آوارہ کتے مزید خطرے کا باعث بن سکتے ہیں، واقعے کے بعد ریسکیو اور مقامی طبی عملے نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ 6 شدید زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایم ایس سول اسپتال مدین ڈاکٹر مسعود کے مطابق اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین سمیت تمام بنیادی انتظامات موجود ہیں اور زیادہ تر زخمیوں کو موقع پر ہی ویکسین فراہم کر دی گئی، تاہم چھ ایسے مریض جن کے زخم زیادہ شدید تھے اور ایک مخصوص ویکسین فوری طور پر دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں سیدو شریف منتقل کیا گیا تاکہ مکمل علاج ممکن بنایا جا سکے۔ادھر علاقے کے مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر فوری قابو پایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور بچوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق رہیں گے۔