ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک اہم شاہراہوں پر ہر قسم کی آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد مرکزی اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند رہیں گی، جن میں ٹانک روڈ، طارق شہید سے بھگووال روڈ، کلاچی روڈ، ہتھالہ روڈ اور کوٹ اٹل سے گرہ عبداللہ تک کے راستے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف دیہی علاقوں کو ملانے والی لنک روڈز پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹکواڑہ، ہتھالہ، پوٹہ، بڈھ، کنوڑی، گرہ محبت، چہکان، دربڑی اور گرہ عیسیٰ خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی نقل و حرکت محدود رہے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا، تاہم دیگر ضروری نقل و حرکت کے لیے پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔