لاہور (حسبان میڈیا رپورٹ): سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور ہماری عزت ہے، یہ کسی جرنیل، بیوروکریٹ، جاگیردار یا صنعتکار کی ذاتی ملکیت نہیں ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ قیامِ پاکستان کے 78 سال گزرنے کے باوجود ملک میں مکمل اسلامی نظام کا نفاذ نہیں ہو سکا اور آج بھی ہم عالمی قوتوں کے دباؤ میں فیصلے کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال ابھی منسوخ نہیں ہوئی بلکہ حکومت کی درخواست پر صرف مؤخر کی گئی ہے، ہم کسی بھی وقت عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دے سکتے ہیں۔ عالمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے سخت بیانات پاکستان کو عالمی جنگ سے بچا رہے ہیں، تاہم پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی اور اقتصادی مستقبل کے حوالے سے سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔