حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران امریکہ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا غیر متوقع عندیہ Home / بین الاقوامی /

ایران امریکہ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا غیر متوقع عندیہ

ایڈیٹر - 18/04/2026
ایران امریکہ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا غیر متوقع عندیہ

تہران: ایرانی حکام نے امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات سے متعلق واضح کیا ہے کہ بات چیت کے تسلسل کے لیے واشنگٹن کو غیر ضروری اور حد سے بڑھتے مطالبات سے گریز کرنا ہوگا، بصورت دیگر تہران طویل، بے نتیجہ اور وقت ضائع کرنے والے مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران نے اپنا مؤقف امریکی حکام تک پاکستان کے ذریعے پہنچا دیا ہے، جبکہ آئندہ پیش رفت دونوں ممالک کے فیصلوں اور طرزِ عمل پر منحصر ہوگی۔

ذرائع کے مطابق تہران اس بات پر زور دے رہا ہے کہ مذاکرات عملی نتائج پر مبنی ہوں اور انہیں غیر یقینی یا غیر مؤثر عمل میں تبدیل نہ کیا جائے۔

اس حوالے سے ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ تاحال مذاکرات کے نئے دور کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق اس وقت تمام توجہ ایک قابلِ قبول فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ایسے مذاکرات نہیں چاہتا جو ابتدا ہی سے ناکامی کی جانب بڑھ رہے ہوں، اسی لیے جب تک بنیادی فریم ورک پر اتفاق نہیں ہوتا، کسی تاریخ کا اعلان ممکن نہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران مستقبل کی کسی بھی بات چیت میں واضح شرائط اور عملی ضمانتیں چاہتا ہے۔