حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سرکاری ملازمین کیلئے نئے ضابطے نافذ: بلاگنگ، وی لاگنگ اور سوشل میڈیا بھی اجازت سے مشروط Home / پاکستان /

سرکاری ملازمین کیلئے نئے ضابطے نافذ: بلاگنگ، وی لاگنگ اور سوشل میڈیا بھی اجازت سے مشروط

ایڈیٹر - 18/04/2026
سرکاری  ملازمین کیلئے نئے ضابطے نافذ:  بلاگنگ،  وی لاگنگ اور سوشل میڈیا بھی اجازت سے مشروط

سرکاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے سرکاری ملازمین کے لیے نئے نظم و ضبطی قواعد فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں۔

نئے ضوابط کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے بالاتر افسران کے لیے ہر سال اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کو یہ معلومات ایک ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ ان اثاثوں کی جانچ پڑتال فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کرے گا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد جاری کردہ قواعد میں سرکاری ملازمین کی نجی سرگرمیوں، سوشل میڈیا استعمال اور مالی شفافیت سے متعلق سخت شرائط شامل کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی معاملے میں مفادات کا تصادم سامنے آئے تو متعلقہ افسر کو فیصلہ سازی کے عمل سے الگ ہونا ہوگا۔ اسی طرح ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے تحائف وصول کرنے پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ بیرونی اعزازات یا اعزازی اسناد حاصل کرنے سے قبل حکومتی منظوری ضروری ہوگی۔

نئے رولز کے تحت سرکاری ملازمین اگر بلاگ، ولاگ یا کسی میڈیا پلیٹ فارم پر سرگرمی دکھانا چاہتے ہیں تو انہیں پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ سرکاری معلومات یا دستاویزات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ ذاتی اور سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس الگ رکھنا بھی لازم ہوگا۔

دستاویز میں یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ متعلقہ حکام ضرورت پڑنے پر ملازمین سے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر سکتے ہیں۔

سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی سختی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین پر کسی سیاسی جماعت کی حمایت، مخالفت یا پالیسیوں پر علانیہ تبصرے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اسی طرح کسی نجی ادارے، این جی او یا دیگر تنظیم میں ملازمت، چاہے جز وقتی ہو یا کل وقتی، پیشگی اجازت کے بغیر ممکن نہیں ہوگی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نئے قواعد کا مقصد سرکاری نظام میں شفافیت، پیشہ ورانہ طرز عمل، دیانتداری، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔