حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز میں پھر خطرے کی گھنٹی، ایرانی گن بوٹس کی بھارتی جہاز پر فائرنگ، تیل بردار جہاز واپس لوٹنے لگے Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز میں پھر خطرے کی گھنٹی، ایرانی گن بوٹس کی بھارتی جہاز پر فائرنگ، تیل بردار جہاز واپس لوٹنے لگے

ایڈیٹر - 18/04/2026
آبنائے ہرمز میں پھر خطرے کی گھنٹی، ایرانی گن بوٹس کی بھارتی جہاز پر  فائرنگ، تیل بردار جہاز واپس لوٹنے لگے

تہران / مسقط / لندن: آبنائے ہرمز کھولے جانے کے صرف 24 گھنٹے بعد ہی خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے، جبکہ ایران کی جانب سے اس اہم عالمی بحری گزرگاہ کی ممکنہ دوبارہ بندش کے اشاروں نے عالمی منڈیوں اور شپنگ سیکٹر میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک دو گن بوٹس نے ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کی۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے بتایا کہ یہ واقعہ عمان کے شمال مشرق میں تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق متعلقہ آئل ٹینکر اور اس کا عملہ محفوظ رہا، جبکہ کسی جانی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب شپنگ مانیٹرنگ ادارے ٹینکر ٹریکر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی گن بوٹس نے دو بحری جہازوں کو روکنے کی کوشش کی، جن میں ایک بھارتی پرچم بردار سپر ٹینکر بھی شامل تھا، اور انہیں واپس مڑنے پر مجبور کیا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دوسرا جہاز بھی بھارت سے وابستہ تھا، تاہم نئی دہلی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک بڑا خام تیل بردار جہاز، جو تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی تیل لے جا رہا تھا، اس کشیدہ صورتحال سے متاثر ہوا، جبکہ اسے خبردار کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے شپنگ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ کم از کم دو تجارتی جہازوں نے تصدیق کی کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران ان پر بھی فائرنگ کی گئی۔

مزید برآں بعض جہازوں کو ریڈیو پیغامات موصول ہوئے جن میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور مزید کسی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی توانائی سپلائی اور خام تیل کی قیمتوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔