حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کے جوہری تنازع میں نئی پیش رفت: چین افزودہ یورینیم سنبھالنے یا کم کرنے کے لیے تیار ، بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی Home / بین الاقوامی /

ایران کے جوہری تنازع میں نئی پیش رفت: چین افزودہ یورینیم سنبھالنے یا کم کرنے کے لیے تیار ، بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی

ایڈیٹر - 18/04/2026
ایران کے جوہری تنازع میں نئی پیش رفت: چین افزودہ یورینیم سنبھالنے یا کم کرنے کے لیے تیار  ، بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی

بیجنگ/واشنگٹن: ایران کے جوہری معاملے پر جاری عالمی کشیدگی کے درمیان ایک اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق چین ایران کے افزودہ یورینیم کو اپنے کنٹرول میں لینے یا اس کی افزودگی کم کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کر رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے باخبر ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ بیجنگ تقریباً 440 کلوگرام (970 پاؤنڈ) افزودہ یورینیم کو تحویل میں لینے یا اسے کم افزودہ کر کے پُرامن اور سویلین استعمال کے قابل بنانے پر غور کر رہا ہے۔

یہ وہی حساس جوہری مواد ہے جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے لیے ایران سے ہٹانے کو ناگزیر قرار دے چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ یہ یورینیم براہ راست اس کی تحویل میں دیا جائے، خصوصاً وہ ذخیرہ جو ایران کی زیرِ زمین تنصیبات میں موجود بتایا جاتا ہے۔

تاہم چین، جو ایران کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اس معاملے میں ثالثی یا عملی کردار ادا کرنے کا عندیہ دے رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اگر واشنگٹن اور تہران دونوں جانب سے باضابطہ درخواست کی گئی تو چین اس یورینیم کو سنبھالنے یا اس کی افزودگی کم کرنے کے عمل میں شامل ہو سکتا ہے۔

ذرائع نے حساس نوعیت کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ معلومات فراہم کیں۔

یاد رہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت ایران نے بڑی مقدار میں کم افزودہ یورینیم روس منتقل کیا تھا، جو عالمی معاہدے کی شرائط پوری کرنے کے لیے ایک اہم اقدام تھا۔ ماہرین کے مطابق حالیہ پیش رفت بھی کسی نئے ممکنہ معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہے۔