حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا–ایران جوہری مذاکرات کا دوسرا دور متوقع، سیکیورٹی ہائی الرٹ، اتوار کو وفود کے اسلام آباد آنے کا امکان Home / بین الاقوامی /

امریکا–ایران جوہری مذاکرات کا دوسرا دور متوقع، سیکیورٹی ہائی الرٹ، اتوار کو وفود کے اسلام آباد آنے کا امکان

ایڈیٹر - 18/04/2026
 امریکا–ایران جوہری مذاکرات کا دوسرا دور متوقع، سیکیورٹی ہائی الرٹ، اتوار کو وفود کے اسلام آباد آنے کا امکان

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری جوہری مذاکرات کا دوسرا مرحلہ پیر کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہر میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی اور امریکی مذاکراتی وفود اتوار کو اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ گزشتہ ہفتے ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔ اگرچہ دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی مذاکرات کے نئے دور کا عندیہ دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ابتدائی مذاکرات کئی گھنٹوں تک جاری رہنے کے باوجود کسی حتمی معاہدے پر منتج نہیں ہو سکے تھے، تاہم اس نئے دور سے مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

یہ اہم سفارتی عمل ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی اپنی مدت پوری کرنے کے قریب ہے، جس کے باعث ان مذاکرات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر بھر میں ہائی الرٹ نافذ ہے جبکہ سات ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہے۔

ریڈ زون اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے اندر قائم بس اڈوں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کو اس اہم سفارتی موقع کے لیے خصوصی طور پر آراستہ بھی کیا جا رہا ہے۔ شاہراہوں کے اطراف گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے تاکہ شہر کو خوشنما بنایا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اور جنگ بندی کی مدت ختم ہونے سے قبل کسی نتیجے تک پہنچنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔