اسلام آباد: سعودی عرب کے اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر برائے زرعی امور ڈاکٹر سلیمان الخطیب کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے “گرین پاکستان” اقدام کی حمایت کر رہا ہے، جس کا مقصد ملک کے آبپاشی نظام کو مضبوط بنانا اور زرعی شعبے کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
اس تعاون سے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ماحولیات کے تحفظ اور غذائی تحفظ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ منصوبے کے تحت پانی کے مؤثر استعمال، قابلِ کاشت رقبے میں اضافہ، فصلوں کی پیداوار کے معیار اور مقدار میں بہتری، اور مختلف اجناس کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت 500 ہیکٹر رقبے پر جدید آبپاشی نظام نصب کیا جائے گا، جس میں 10 سینٹر پیوٹ اریگیشن سسٹمز، فرٹیلائزیشن یونٹس، جنریٹرز اور پاور انجن شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ پاکستانی ماہرین کے لیے آپریشن اور انتظامی تربیتی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس سے پنجاب کے زرعی شعبے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
سعودی عرب کی جانب سے یہ تعاون ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پانی کے ضیاع میں کمی لانے اور غذائی تحفظ کو مستحکم بنانے کے عزم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔