تہران/واشنگٹن: ایران نے امریکا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تہران افزودہ یورینیم امریکہ منتقل کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران سے متعلق “بہت اچھی خبر” آنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ افزودہ یورینیم ایران کے لیے انتہائی حساس اور اہم اثاثہ ہے، جسے کسی بھی صورت ملک سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے امریکی مؤقف کو بے بنیاد قرار دیا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے حوالے سے مثبت پیش رفت متوقع ہے، تاہم انہوں نے اس ممکنہ پیش رفت کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی بیانات کے تناظر میں صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے، اور آئندہ دنوں میں کسی بھی اہم پیش رفت کا امکان خارج از امکان نہیں۔