واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کوئی غیر متوقع اور مثبت اعلان سامنے آ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ صورتحال مثبت سمت میں جا رہی ہے اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں ایک اہم اور بااثر شخصیت کی آمد متوقع ہے، جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی امور میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ایک غیر معمولی پریس کانفرنس بھی کی جائے گی، جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس فیصلے کو جنگ بندی سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق اگر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں آئندہ چند دن انتہائی اہم ہو سکتے ہیں اور ممکنہ پیش رفت عالمی سطح پر اثر انداز ہونے کا امکان رکھتی ہے۔