حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حج 2026: سرکاری اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا آغاز، ایک لاکھ سے زائد عازمین کی سعودی عرب روانگی شروع Home / پاکستان /

حج 2026: سرکاری اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا آغاز، ایک لاکھ سے زائد عازمین کی سعودی عرب روانگی شروع

ایڈیٹر - 18/04/2026
حج 2026: سرکاری اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا آغاز، ایک لاکھ سے زائد عازمین کی سعودی عرب روانگی شروع

اسلام آباد: پاکستان میں سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کے لیے فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز آج سے کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف شہروں سے پروازیں روانہ ہوں گی۔

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے عازمین کو لے جانے والی پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ کی جا رہی ہیں، جہاں سے ان کے روحانی سفر کا آغاز ہوگا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو حجاز مقدس منتقل کیا جائے گا۔ ان میں 67 ہزار سے زائد مرد اور 51 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔

حج آپریشن کے پہلے روز چار خصوصی پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، جبکہ جدہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ 4 مئی سے شروع ہوگا۔ مزید برآں، مدینہ منورہ کے لیے پہلی طویل دورانیے کی پرواز 7 مئی کو روانہ کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی ابتدائی مرحلے کا فلائٹ آپریشن مکمل ہو جائے گا۔

دریں اثنا، سعودی عرب کے امیگریشن اور حج حکام ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت لاہور پہنچ چکے ہیں، جہاں عازمین کے امیگریشن عمل کو تیز اور سہل بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر مزید آسانی فراہم کی جا سکے۔