ضلع باجوڑ: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خار ضلع باجوڑ کی انتظامیہ نے طویل عرصے سے غیر حاضر رہنے والے ملازم کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نائب قاصد شاہ منیر مارچ 2012 سے بغیر پیشگی اجازت اور بغیر کسی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ملازم کو گھر کے پتے پر نوٹسز ارسال کیے گئے جبکہ ایک معروف اخبار میں بھی اشتہار شائع کیا گیا، جس میں انہیں 15 روز کے اندر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ مدت گزرنے کے باوجود ملازم نے ڈیوٹی جوائن نہ کی، جس پر خیبرپختونخوا ایفیشنسی اینڈ ڈسپلنری رولز 2011 کے رول 09 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خار نے اختیارات استعمال کرتے ہوئے شاہ منیر پر بڑی سزا عائد کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مارچ 2012 سے اب تک کی غیر حاضری کی مدت بھی ریکارڈ کا حصہ تصور کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کی نقول ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن خیبرپختونخوا، ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن ملاکنڈ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس خار اور دیگر متعلقہ دفاتر کو ارسال کر دی گئی ہیں۔