حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستانی آئل ٹینکر ’شالامار‘ خام تیل لے کر آبنائے ہرمز عبور، 19 اپریل کو کراچی پہنچنے کا امکان Home / پاکستان /

پاکستانی آئل ٹینکر ’شالامار‘ خام تیل لے کر آبنائے ہرمز عبور، 19 اپریل کو کراچی پہنچنے کا امکان

ایڈیٹر - 17/04/2026
پاکستانی آئل ٹینکر ’شالامار‘ خام تیل لے کر آبنائے ہرمز عبور، 19 اپریل کو کراچی پہنچنے کا امکان

کراچی: پاکستان کے قومی پرچم بردار آئل ٹینکر ’شالامار‘ متحدہ عرب امارات سے خام تیل لے کر آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے بحیرۂ عرب کے راستے کراچی کی جانب روانہ ہو گیا ہے، جہاں اس کے 19 اپریل کو پہنچنے اور کارگو اتارنے کی توقع ہے۔

بین الاقوامی شپنگ ڈیٹا کے مطابق ٹینکر نے خلیجی پانیوں سے کامیابی کے ساتھ گزر کر اپنا سفر جاری رکھا ہے۔ یہ جہاز تقریباً 4 لاکھ 40 ہزار بیرل خام تیل لے جا رہا ہے، جسے ’ڈاس بلینڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

شپنگ ڈیٹا فراہم کرنے والی عالمی کمپنیوں، کپلر اور ایل ایس ای جی، کے مطابق یہ خام تیل متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں واقع اے ڈی این او سی کے ٹرمینل سے لوڈ کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارگو کی لوڈنگ رواں ہفتے کے آغاز میں مکمل ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ’شالامار‘ ان دو پاکستانی ٹینکروں میں شامل تھا جو اتوار کے روز آبنائے ہرمز میں داخل ہوئے تھے تاکہ خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات حاصل کی جا سکیں۔

ادھر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن، جو اس ٹینکر کی آپریشنل ذمہ داریاں سنبھالتی ہے، نے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔

دوسری جانب خطے میں امریکی پابندیوں کے اثرات کے باعث بحری سرگرمیوں میں جزوی رکاوٹوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم ’شالامار‘ کی روانگی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیرِ پیٹرولیم پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ مذکورہ ٹینکر نے اے ڈی این او سی ٹرمینل سے خام تیل حاصل کیا ہے، جو ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔