حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی و اسرائیلی وعدہ خلافیاں خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار، محمد باقر قالیباف Home / بین الاقوامی /

امریکی و اسرائیلی وعدہ خلافیاں خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار، محمد باقر قالیباف

ایڈیٹر - 17/04/2026
 امریکی و اسرائیلی وعدہ خلافیاں خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار، محمد باقر قالیباف

تہران: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بار بار کی جانے والی وعدہ خلافیاں مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں بنیادی رکاوٹ ہیں۔

یہ بات انہوں نے تہران میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سیکیورٹی، دوطرفہ تعلقات اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد باقر قالیباف نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کو ایران کی مستقل پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ روابط خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، جنہیں ہم آہنگ حکومتی حکمت عملی نے مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے میں جامع اور حقیقی امن کا خواہاں ہے۔

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ جن قوتوں نے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی، وہی اب جنگ بندی کی بات کر رہی ہیں، تاہم انہیں ماضی کی بداعتمادی ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران امن کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے، لیکن مخالف فریق کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیاں ان کوششوں کو متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ابتدائی جنگ بندی معاہدے میں مکمل جنگ بندی ایک کلیدی نکتہ ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے لبنان کے پارلیمانی اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا اور لبنان کو اس جامع جنگ بندی کا اہم جزو قرار دیا۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق حالیہ جنگ بندی حزب اللہ کی مزاحمت اور علاقائی اتحاد کی یکجہتی کا نتیجہ ہے، تاہم ایران اس پیش رفت کو محتاط انداز میں دیکھ رہا ہے اور مکمل استحکام تک اتحاد برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کے کردار، بالخصوص حکومت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان میں جنگ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد کی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اہم سفارتی مشاورت جاری ہے اور امید ظاہر کی کہ جلد اسلام آباد میں ایرانی قیادت سے ایک اور ملاقات متوقع ہے۔