بنوں: ضلع بنوں میں پولیس اور جرگہ عمائدین کی مشترکہ کوششوں سے اغوا کیے گئے پولیو اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
ڈی پی او بنوں کی سربراہی میں پولیس نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی شروع کی اور مقامی جرگہ عمائدین کو ساتھ ملا کر مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ مسلسل رابطوں اور جرگے کی ثالثی کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے قبضے سے مغوی اہلکاروں کی رہائی ممکن بنائی گئی۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ گزشتہ روز جھنڈو خیل کے علاقے میں پیش آیا تھا جہاں انسداد پولیو مہم کے دوران تین اہلکاروں کو اغوا کیا گیا تھا۔ بروقت اقدامات اور مربوط کوششوں کے باعث اہلکاروں کی محفوظ واپسی یقینی بنائی گئی۔