جدہ: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان قصرِ سلام میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور ایران امریکا مذاکرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کی جدہ آمد پر ولی عہد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک مشاورت جاری رہی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی وفد میں شامل تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دوطرفہ اسٹرٹیجک تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار، خصوصاً آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی معیشت میں سعودی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جو دفاعی شراکت داری میں بھی جھلکتے ہیں۔