حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مشرق وسطیٰ کشیدگی، ایران اور امریکہ کو جنگ سے باعزت نکلنے کی راہ کی تلاش Home / بین الاقوامی /

مشرق وسطیٰ کشیدگی، ایران اور امریکہ کو جنگ سے باعزت نکلنے کی راہ کی تلاش

ایڈیٹر - 15/04/2026
مشرق وسطیٰ کشیدگی، ایران اور امریکہ کو جنگ سے باعزت نکلنے کی راہ کی تلاش

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران دونوں کو ایک ایسے راستے کی تلاش ہے جو انہیں جاری تنازع سے باعزت انداز میں نکلنے کا موقع فراہم کرے، کیونکہ یہ صورتحال نہ صرف سیاسی طور پر نقصان دہ بلکہ معاشی طور پر بھی تباہ کن ثابت ہو رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اصل چیلنج یہ ہے کہ دونوں ممالک اس بحران سے نکلتے ہوئے داخلی سطح پر اپنی کامیابی کا تاثر بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جس کے باعث سفارتی کوششیں پیچیدگی کا شکار ہیں اور مذاکراتی عمل سست روی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الصباح سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، اس کے ممکنہ علاقائی اثرات اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا۔ اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا دیرپا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں۔
دونوں ممالک نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔