حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی ناکہ بندی کے باجود 24 گھنٹوں میں 20 سے زائد جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے Home / بین الاقوامی /

امریکی ناکہ بندی کے باجود 24 گھنٹوں میں 20 سے زائد جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے

ایڈیٹر - 15/04/2026
امریکی ناکہ بندی کے باجود 24 گھنٹوں میں 20 سے زائد جہاز آبنائے ہرمز  سے گزرے

خلیج کے حساس سمندری راستے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باوجود تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل نہیں ہو سکیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد کارگو اور تجارتی جہاز اس اہم گزرگاہ سے عبور کر گئے۔

ایک امریکی اشاعتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اگرچہ امریکہ کی جانب سے سمندری ناکہ بندی کا دعویٰ کیا گیا، تاہم عملی طور پر جہازوں کی آمدورفت جاری رہی، جو صورتحال کی پیچیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں چھ بحری جہازوں کو واپس موڑ دیا گیا، جبکہ کسی بھی ایرانی جہاز کو اس راستے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سینٹرل کمانڈ کے مطابق، اس کارروائی کے لیے دس ہزار سے زائد اہلکار، جن میں سیلرز، میرینز اور فضائیہ کے اہلکار شامل ہیں، تعینات کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ پابندی کا اطلاق خاص طور پر ایران سے منسلک بحری آمدورفت پر کیا جا رہا ہے۔

مزید برآں، امریکی مؤقف میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران کے علاوہ خلیج کے دیگر ممالک کی بندرگاہیں بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے بدستور کھلی ہیں، جس سے علاقائی تجارت کا سلسلہ کسی حد تک برقرار ہے۔

ماہرین کے مطابق، آبنائے ہرمز میں جاری یہ صورتحال عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، کیونکہ یہ گزرگاہ دنیا کے اہم ترین توانائی راستوں میں شمار ہوتی ہے۔