روم: اٹلی کی وزیراعظم جارجيا ميلونی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی خودکار تجدید کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے شہر ویرونا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، تاہم اس کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔ مذکورہ معاہدے میں فوجی سازوسامان کے تبادلے اور دفاعی ٹیکنالوجی میں مشترکہ تحقیق شامل تھی۔
بین الاقوامی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے کشیدگی میں کمی اور امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ عالمی سطح پر توانائی اور زرعی ضروریات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
توانائی پالیسی کے حوالے سے انہوں نے روس پر عائد اقتصادی پابندیوں کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو پر دباؤ برقرار رکھنا ضروری ہے، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں اس حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
امریکا کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے مذہبی قیادت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں مذہبی شخصیات کو سیاسی دباؤ سے بالاتر ہونا چاہیے۔