اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے خطے کے اہم ممالک کے مجوزہ دورے کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وہ پہلے سعودی عرب، اس کے بعد قطر اور آخر میں ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے ان دوروں کے دوران دوست ممالک کی قیادت کے ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کریں گے۔ خصوصی طور پر آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش اور امریکا۔ایران مذاکرات کے آئندہ مرحلے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کل سعودی عرب پہنچیں گے جہاں وہ ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
مزید برآں، اسلام آباد میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور مذاکراتی عمل پر بھی سعودی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔