حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسلام آباد میں امریکا۔ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا امکان، سفارتی سرگرمیاں تیز Home / پاکستان /

اسلام آباد میں امریکا۔ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا امکان، سفارتی سرگرمیاں تیز

ایڈیٹر - 14/04/2026
اسلام آباد میں امریکا۔ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا امکان، سفارتی سرگرمیاں تیز

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل کے تسلسل میں مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے لیے پاکستان نے باضابطہ طور پر میزبانی کی پیشکش بھی کر دی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے اور اسی تناظر میں اس نے دونوں ممالک کو مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اہم دورۂ مذاکرات رواں ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ دارالحکومت اسلام آباد سرفہرست آپشن ہے، تاہم متبادل کے طور پرعمان یا مشرق وسطیٰ کے کسی اور ملک کو بھی زیر غور رکھا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان رابطے مسلسل جاری ہیں اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کے انعقاد کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے تحت ممکنہ طور پر جمعرات کو بات چیت کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے، جبکہ امریکی حکام نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ دونوں ممالک براہِ راست مذاکرات کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

ادھر امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے بھی پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے اور معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔