حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم Home / بین الاقوامی /

سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم

ایڈیٹر - 13/04/2026
سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم

حج سیزن کے پیش نظر سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں داخلے اور قیام سے متعلق اہم اور سخت انتظامی فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت عمرہ اور دیگر ویزوں پر موجود افراد کے لیے نئی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ  نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت تک مملکت چھوڑ دیں، جبکہ سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 18 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ میں صرف حج ویزہ رکھنے والے افراد کو قیام کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمرہ، وزٹ یا دیگر اقسام کے ویزوں پر موجود غیر ملکی اور مقامی افراد کو مقررہ تاریخ سے پہلے مکہ مکرمہ چھوڑنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

مزید برآں، حکام نے فوری طور پر ایک اور اہم اقدام بھی نافذ کیا ہے، جس کے تحت آج سے بغیر خصوصی پرمٹ کسی بھی فرد کے لیے مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں دونوں پر ہوگا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد حج کے دوران بڑھتے ہوئے رش کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنا، سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور لاکھوں عازمین حج کے لیے سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہر سال حج کے موقع پر اسی نوعیت کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ عبادات کے اس بڑے اجتماع کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔