ڈیرہ اسماعیل خان: ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ کے پلوسکی میں مضر صحت حلوہ کھانے سے ایک ہی خاندان کے تین نوجوان جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعے میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرا نوجوان اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق حاجی جمال خان کرمیزئی خاندان سے ہے۔ مرنے والوں کی شناخت شیران خان، فتح محمد اور نور محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ مضر صحت حلوہ کا استعمال بتایا جا رہا ہے، تاہم اصل حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مفتی محمود اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حلوہ کس طرح اور کن حالات میں تیار کیا گیا تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس دلخراش واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور لوگ شدید غم و غصے اور تشویش میں مبتلا ہیں۔