حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دونوں ممالک جنگ بندی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس Home / پاکستان /

دونوں ممالک جنگ بندی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس

ایڈیٹر - 12/04/2026
دونوں ممالک جنگ بندی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار  کا مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے وفود کا شکر گزار ہے جنہوں نے وزیراعظم کی درخواست پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے مذاکراتی عمل میں شرکت کی، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو تقویت ملی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد پاکستان آیا، جبکہ ایران کی جانب سے محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں نمائندہ وفد نے مذاکرات میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئے، جو مسلسل 24 گھنٹوں تک جاری رہے۔ اس دوران فریقین کے درمیان متعدد ادوار میں تفصیلی، سنجیدہ اور تعمیری بات چیت کی گئی۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستانی قیادت نے اس عمل میں فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کی، جبکہ فیلڈ مارشل نے بات چیت کو مثبت اور نتیجہ خیز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست کو مثبت انداز میں قبول کیا، جس کے نتیجے میں مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سفارتی عمل آئندہ بھی جاری رہے گا اور فریقین کے درمیان مکالمہ برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں وفود کا تہہ دل سے مشکور ہے اور مستقبل میں بھی ایسے سفارتی اقدامات میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اپنی گفتگو کے اختتام پر اسحاق ڈار نے اس امر پر زور دیا کہ ضروری ہے دونوں ممالک جنگ بندی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں، تاکہ خطے میں دیرپا استحکام اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔